آزاد کشمیر (جیوڈیسک) آزاد کشمیر کے مالی سال 2013-14 کا 55 ارب 68 کروڑ روپے مالیت کا بجٹ وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر نے پیش کیا۔ مظفرآباد قانون ساز اسمبلی میں مالی سال 2013-14 کے لئے پیش کئے گے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر 10 ارب 50 کروڑ جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 45 ارب روپے رکھے گے ہیں۔
شاہرات کی ترقی کے لئے 4 ارب 72 کروڑ 66 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جو مجموعی ترقیاتی بجٹ کا 45 فیصد ہے۔ بجٹ میں برقیات کے لئے 56 کروڑ اور چھوٹے بجلی گھروں کی تعمیر کے لئے 68 کروڑ روپے مختص کئے گے ہیں۔ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے لئے 85 کروڑ، سیاحت 11 کروڑ 85 لاکھ اور تعلیم کے لئے 80 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
ماحولیات کے لئے 2 کروڑ 50 لاکھ، جنگلی حیات ماہی پروری 35 کروڑ، شہری دفاع 3 کروڑ 60 لاکھ، ترقیاتی ادارہ جات 15 کروڑ، آئی ٹی 2 کروڑ اور ہائوسنگ سیکٹر کے لئے 37 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ حزب اختلاف نے حکومت کو دی جانے والی تجاویز بجٹ میں شامل نہ کرنے پر اجلاس کا بایئکاٹ کر دیا ہے۔