فریڈم فلوٹیلا کیس، 4 اسرائیلی کمانڈرز کی گرفتاری کا حکم

Turkey

Turkey

استنبول (جیوڈیسک) ترکی کی ایک عدالت نے اسرائیلی فوج کے 4 سابق کمانڈرز کی گرفتاری کا حکم دیدیا۔ ان کمانڈرز پر 2010 میں ترکی کے غزہ جانے والے امدادی بحری جہاز فریڈم فلوٹیلا پر حملے کے الزام میں مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

اس حملے میں نو ترک رضا کار جاں بحق ہو گئے تھے۔ ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ استنبول کی عدالت نے حکام کو اسرائیلی فوج کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل(ر) گابی اشکنزئی اور تین دوسرے سابق کمانڈرز کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

ترک عدالت کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ترکی اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ چار سال سے جاری سفارتی کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک مصالحتی معاہدے کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ اسرائیل نے ترکی کے ساتھ محاذ آرائی کو ختم کرنے کے لیے مارچ میں جذبہ خیرسگالی کےتحت غزہ کی پٹی میں ترک اسپتال کی تعمیر کے لیے سامان لے جانے کی اجازت دے دی تھی۔