اسلام آ باد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ آزاد صحافت کا تحفظ فوج کے جوانوں کی وجہ سے ہے۔ دہشت گرد تو آزادی کا تحفظ چھیننا چاہتے تھے۔ نجی چینل کی بندش کا معاملہ پیمرا میں ہے اور وہی اس کا فیصلہ کرے گا۔
اسلام آباد میں بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وطن کیلیے جان قربان کرنے والے ہمارے محسن ہیں۔ ملک میں دہشت گرد آزادی چھیننا چاہتے تھے، فوج نے تحفظ کیاآج جو صحافت کو آزادی حاصل ہے وہ بھی فوج کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں کی قربانیوں پر قوم فخر کرتی ہے۔
شہدأ ہمارے قومی محسن ہیں۔ ہم ان کی قربانیوں سے وطن عزیز میں آزادی کا سانس لے رہے ہیں۔ اگر ان کی قربانیاں نہ ہوتیں تو کیا ملک میں آزاد صحافت ہوتی؟۔ آزادی صحافت مسلح افواج کی قربانیوں کی وجہ سے ہے، ہم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی چوری کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عدم ادائیگی پربجلی منقطع کرنا متعلقہ وزارت کی ذمے داری ہے۔