آزادی مارچ نئے پاکستان کی بنیاد رکھے گا، نادر لغاری

Nadir Leghari

Nadir Leghari

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر سردار نادر اکمل خان لغاری نےکہا ہے کہ آزادی مارچ سے نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔ گزشتہ 65 سال سےاس ملک پر قابض نا اہل حکمرانوں نے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے پاکستان کو مزیدمسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ واقع ڈیفنس میں تحریک انصاف کور کمیٹی سندھ کےایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر اجلاس میں تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکریٹر ی و رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین ایڈووکیٹ، اراکین سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، ڈاکٹر سیما ضیاء، سیف الرحمن خان، عتیق تالپور، سبحان علی ساحل، نازیہ ربانی، شیرین خان، دیوان سچل، احسن پنہور، نعیم شیخ، احسن جباراور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

صوبائی صدر نادر اکمل خان لغاری نے مزید کہا کہ آزادی مارچ میں تحریک انصاف سندھ کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ انشاءاللہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں 14اگست کی شام کو عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ایک نئی سیاسی تاریخ رقم کرے گا۔ تحریک انصاف کے کارکنان حکومت کی تمام رکاوٹیں عبور کر کے اسلام آباد پہنچیں گے۔