آزادی مارچ میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی کی اتحادیوں کو دعوت

PTI

PTI

پشاور (جیوڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 14 اگست کو اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کا حکومتِ مخالف ‘آزادی مارچ’ ملک میں ایک حقیقی جمہوریت لے کر آئے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے اس مارچ میں شرکت کے لیے اپنی اتحادی جماعتوں کو باضابطہ طور پر دعوت نامہ بھیجا ہے۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ‘تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے عمران خان کی جانب سے گیارہ مئی 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف لانگ مارچ کی کال کا خیر مقدم کیا ہے۔’

گزشتہ روز جاری ہونے والے ایک اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ‘مڈٹرم الیکشن اس وقت ملک کی صورتحال کو بہتری کی جانب لے جانے کا ایک واحد راستہ ہے۔’ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان ملک میں ایک شفاف اور کرپشن سے پاک جمہوری نظام دینا چاہتے ہیں، جس کے تحت قانون کی حکمرانی ہو اور اس مقصد کے حصول کے لیے وہ تمام اراکین کو اکھٹا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا 14 اگست کو لانگ مارچ کا فیصلہ حتمی ہے اور یہ وفاقی حکومت کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ‘حکمرانوں کے دن گننے جا چکے ہیں’۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے ہم وفاقی حکومت سے نجات حاصل کرلیں، جس نے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے اقتدار سنبھالا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی چار نشستوں پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروانے کا وقت اب ختم ہوچکا ہے اور مڈٹرم الیکیشن کروانے کے علاوہ ہم اور کچھ قبول نہیں کریں گے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کرکے ان کے تحفظات کو دور کرنے کی حکومتی خواہش پر بات کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا ہے عمران خان نے ماضی میں نہ تو بیک ڈور ڈپلومیسی کی ہے اور نہ ہی وہ ایسا مستقبل میں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ اور جدوجہد ملک میں انتخابی اصلاحات میں ترمیم کرنا اور اس کو آئندہ کے لیے مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ہماری جماعت سمجھتی ہے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیٔے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف اور ان کی کابینہ نے تحریکِ انصاف کے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے سوال کیا ایک سال قبل جب پی ٹی آئی نے انتخابی اصلاحات کی بات کی تھی تو اس وقت یہ لوگ کہاں تھے؟

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دس لاکھ افراد آزادی مارچ میں شرکت کریں گے اور کوئی طاقت انہیں نہیں روک سکے گی۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پرامن مارچ جمہوری حق ہے اور ہمیں امید ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کسی قسم کے تشدد کا راستہ نہیں اپنایا جائے گا۔