اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے آزادی مارچ سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات بھی جاری ہیں۔ سپیشل برانچ نے پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے کوائف وزارت داخلہ کو ارسال کر دیئے ہیں۔
حکومت نے آزادی مارچ کو بے اثر کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سپیشل برانچ نے تحریک انصاف کی مقامی قیادت کی فہرستیں وزارت داخلہ کو ارسال کر دی ہیں۔
سرگرم رہنماؤں اور کارکنوں کے رہائشی پتے اور ٹیلی فون نمبرز حاصل کر لئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیشل برانچ کے اہلکاروں کو پی ٹی آئی رہنماؤں کی نگرانی حکم دیا گیا ہے جو ان کی سرگرمیوں اور رابطوں سے متعلق روزانہ رپورٹ پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ممکنہ نظر بندی کیلئے پولیس نے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔