اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں جہاں جہاں پاکستانی آباد ہیں 70واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے زورشورسے تیاریاں جاری ہیں۔ امن وامان کی صورتحال میں واضح بہتری کے باعث یوم آزادی منانے کیلئے عوام میں بھرپورجوش وجذبہ دیکھا جارہاہے۔
اس موقع پر پاکستان کے تمام شہروں کے بازار رنگ برنگی جھنڈیوں اور سبز ہلالی پرچموں سے سج گئے ہیں۔لوگوں کی بڑی تعداد جھنڈے، بیج، سبز رنگ کی شرٹس اور رنگ برنگی جھنڈیاں خریدنے میں مصروف ہیں جبکہ بازاروں میں شہریوں کا رش دیکھ کر دکاندار بھی خوش دکھائی دیتے ہیں۔
بچے اور بڑے میوزک شاپس پر جا کر ملی نغموں کی آڈیوز اور ویڈیوز کی ریکارڈنگ کرانے لگے ،بازاروں اور گلی کوچوں میں بھی سائونڈ سسٹم پر ملی نغمے گونج رہے ہیں۔دکانداروں کا کہنا ہے اس سال خریداروں کا رش زیادہ ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے یوم آزادی بھر پور طریقے سے منائیں گے۔
اس موقع پر ملک کے مختلف حصوں میں بڑی تعداد میں عارضی دکانیں لگائی گئی ہیں جہاں قومی پرچم ،جھنڈیاں، بیج، سٹیکر، تصاویر اور قائداعظم محمدعلی جناح کی تصاویر فروخت کی جارہی ہیں۔
مختلف اداروں اور تنظیموں نے یوم آزادی کے سلسلے میں متعدد پروگرام ترتیب دیئے ہیں جن میں سیمینار، سمپوزیم، تقریری مقابلے، مزاحیہ خاکے، ٹیبلو اور ملی نغموں کے مقابلے شامل ہیں۔
پاکستان بھر کے عوام اتوار 14 اگست کے دن 70 واں یوم آزادی منائیں گے، جس سلسلے میں ملک کے ہر شہر اور ہر حصے میں ‘یوم آزادی‘ کی تیاریوں کو آخری شکل دی جارہی ہے۔
عیدالفطر کی میٹھی خوشیوں کے چند دن بعد آنے والی 14 اگست نے پاکستانی عوام کو ایک بار پھر خوشی کا موقع فراہم کیا ہے، وہیں گرمیوں کے چھٹیوں کے اختتام پر بچوں کو ایک اور تفریح میسر آگئی ہے۔
اس سال یوم آزادی کے حوالے سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ خصوصاًنوجوان طبقے کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
موقع کی مناسبت سے پنجاب حکومت کے تمام محکمے وطن سے محبت کے اظہار کے لئے خصوصی پروگرام کریں گے۔ محکمہ آرکائیو تحریک پاکستان کے حوالے سے نادر تصاویر اور یادگار اشیاء کی نمائش منعقد کرے گا۔
پبلک لائبریریز میں خصوصی تقاریب ہوں گی جن میں مطالعہ کا ذوق و شوق رکھنے والے افراد کو سراہا جائے گااور انہیں کتابوں کے تحائف انعام کے طور پر دیے جائیں گے۔