پیرس (جیوڈیسک) پیرس حملوں کے بعد فرانس میں مسلمانوں کی نگرانی سخت کردی گئی ہے جبکہ امریکی ریاست مشی گن کے گورنر نے شامی پناہ گزینوں کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔پیرس میں دہشت گردی کے بعد مسلمانوں کی مشکلات بڑھنے لگیں۔
فرانسیسی وزیرداخلہ نے کچھ مساجد کو بند کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ایک فرانسیسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے واضح طور پر کہا کہ نفرت پھیلانے والے علما کو ملک بدر کرکے ان کی مساجد کو بند کردینا چاہیے۔ فرانس سے گزشتہ تین سال میں چالیس مسلم مذہبی رہنماؤں کو ملک بدر کیا جاچکا ہے جن میں سے پچیس فیصد رواں سال کے چھ ماہ میں نکالے گئے۔
دوسری جانب امریکی ریاست مشی گن کے گورنر نے مزید شامی مہاجرین کو پناہ دینے سے انکار کردیا ہے۔ اپنے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں رِک اسنائڈر نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات مزید بہتر بنانے تک وہ کسی پناہ گزین کو جگہ نہیں دیں گے۔