فرانس (راجہ ثاقب) فرانسیسی رسالے چارلی ایبڈو کا نیا شمارہ شائع ہوگیا ہے، جس کے سرورق پر توہین آمیزخاکہ چھاپا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانسیسی رسالہ چارلی ایبڈو ماضی میں توہین آمیز خاکے جاری کرتا رہا ہے اور گذشتہ ہفتے رسالے کے دفتر پر حملے میں بارہ افراد کی ہلاکت کے بعد رسالے کا یہ پہلا شمارہ ہے۔
رسالے کی انتظامیہ نے دعوی کیا ہے دنیا بھرمیں رسالے کی مانگ میں اضافے کے بعد رسالے کی ساٹھ ہزار کے بجائے تیس لاکھ کاپیاں شائع کی گئی ہیں جبکہ چارلی ہبیڈو اس بار 16 زبانوں میں شائع کیا گیا ہے، توہین آمیز سرورق کی اشاعت پر بڑے پیمانے پر احتجاج کا خدشہ ظاہرکیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ حملے میں چارلی ایبڈو کے پانچ کارٹونسٹ بشمول میگزن کے مدیر ہلاک ہوئے تھے۔ حملوں کے خطرے کی وجہ سے سی این این اور نیویارک ٹائمز سمیت کئی عالمی اخبارات نے چارلی ہیبڈو کا نیا سرورق چھاپنے سے انکار کردیا ہے۔
واضح رہے کہ چارلی ہبیڈو پر گزشتہ بدھ کے روز کو دو بھائیوں سمیت تین افراد نے حملہ کیا تھا، حملے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے، چارلی پر حملے کی وجہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت بتائی گئی ہے۔