فرانسی رسالے ”چارلی ایبڈو”کے ایک بار پھر گستاخانہ خاکے شائع کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار

Umar Farooq Awan

Umar Farooq Awan

ملکہ (عمر فاروق اعوان سے) پاسبان کے مرکزی راہنما عزیز الرحمان نے فرانسی رسالے ”چارلی ایبڈو”کے ایک بارپھر گستاخانہ خاکے شائع کرنے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مغربی ممالک کی اسلام دشمنی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ نبی کریمۖ کی شان اقدس میں گستاخی کوئی مسلمان برداشت نہیں کر سکتا۔مغربی ممالک کے اخبارات وجرائدگزشتہ کئی سالوں سے توہین آمیز خاکے شائع کرکے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسلام اعتدال اور تحمل وبردباری کا درس دیتا ہے۔یورپی ممالک کی حکومتوں کی سرپرستی میں مغربی میڈیااسلامی شعائر اور دینی اقدار پر مسلسل حملے کررہاہے۔مغربی ممالک کے اسلام دشمن رویئے کی وجہ سے اسلامی ممالک میں شدت پسندی کے جذبات جنم لے رہے ہیں۔امریکہ اوریورپی ممالک کواسلام مخالف اپنی پالیسیوں کو تبدیل کرنا چاہئے۔ عزیزالرحمان مجاہد نے مزیدکہاکہ نبی کریمۖ سے محبت ہمارے ایمان کالازمی جزوہے۔مادرپدر آزاد مغربی میڈیاگستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے سلسلہ کوبند کرے۔اسلام تمام مذاہب کااحترام سکھاتا ہے۔اہل مغرب کو بھی دین اسلام کااحترام کرنا چاہئے۔

اگر اب بھی امریکہ اور یورپی ممالک نے اپنی مسلم دشمنی کی روش کو ترک نہ کیاتو عالمی امن کو شدیدخطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ امریکہ ویورپی ممالک آزادیٔ اظہار رائے کے نام پر در حقیقت تہذیبوں کے تصادم کی راہ ہموار کررہے ہیں۔دین اسلام اس وقت امریکہ اور یورپی ممالک میں بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے مغربی اقوام اس سے سخت خائف ہیں۔

اب وہ اس طرح کے اوچھے اور منفی ہتھکنڈے استعمال کرکے اپنے انتقامی جذبات کو ٹھنڈاکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسلامی سربراہی کانفرنس کا اجلاس فوری بلاکر مغربی ممالک کی اس مذموم اور ناپاک جسارت کانوٹس لیاجائے۔وقت کاتقاضاہے کہ پوری امت مسلمہ کومتحد اور بیدار ہوکر یہ پیغام دنیا چاہئے کہ ناموس رسالتۖ پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔ حکومت پاکستان کوبھی چاہئے کہ وہ فرانس کی حکومت سے اس معاملے پر سخت احتجاج کرے۔