پیریس (جیوڈیسک) فرانسیسی صدر فرینکوئیس اولاندے نے وزیراعظم مانویے وال کی جانب سے حکومت کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے حکومت تحلیل کر دی ہے۔
فرانسیسی وزیراعظم کی جانب سے استعفیٰ پیر کے روز صدر اولاندے کو پیش کیا گیا جسے صدر نے فوری طور پر منظور کرتے ہوئے نئی حکومت کے قیام کی ہدایات کی ہیں۔
فرانسیسی صدر نے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی ایسی ٹیم بنائیں جو ان کے ساتھ ہم آہنگ ہو اور جو ملک کو آگے بڑھائے۔
خیال رہے کہ فرانسیسی وزیراعظم کی جانب سے کابینہ توڑنے کے لئے صدر کو استعفے ایک ایسے موقع پر پیش کئے گئے ہیں جب فرانسیسی حکومت کے اندر مختلف وزراء حکومتی پالیسیوں پر ایک دوسرے پر الزام لگا رہے تھے۔
سوشلسٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم وال کا کہنا ہے تھا کہ اُن کی کابینہ میں شامل وزیر اقتصادیات نے عوامی سطح پر حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرکے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔
وزیراعظم وال اور وزیر اقتصادیات ارناؤ مونٹے برگ کے درمیان حکومت کی معاشی پالیسی پر تند وتیز جملوں کا تبادلہ کافی روز سے نظر آ رہا تھا۔ اس میں خصوصاﹰ جرمنی کی جانب سے یورو زون میں سخت بچتی اصلاحات پر زور اور فرانس کا اس پر ردعمل تھا۔
عوامی جائزوں کے مطابق صدر کی مقبولیت میں خاصی کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کی ایک وجہ فرانس کا اقتصادی سطح پر مشکلات کے شکار ہونے کے ساتھ ساتھ صدر اولاندے کے حوالے سے پے در پے سامنے آنے والے سکینڈلز بھی ہیں جن میں ان کی ذاتی زندگی پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ یہ بات اہم ہے کہ فرانس گزشتہ ایک برس میں پہلے ہی ایک مرتبہ کابینہ میں ردوبدل کر چکا ہے۔