فرانسیسی (جیوڈیسک) ایک فرانسیسی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ امریکا کی طرح فرانسیسی خفیہ ادارے بھی ٹیلی فون اور کمپیوٹر ڈیٹا کی جاسوسی میں ملوث ہیں۔ پیرس غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک فرانسیسی اخبار نے ایک رپورٹ میں دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس کے خفیہ اداروں کا ڈی جی ایس ای نظام فرانس سے خارج ہونے والے تمام الیکٹرو میگنیٹک سگنل جمع کرتا ہے اور ساتھ ہی فرانس اور دیگر ممالک کے درمیان کمیونیکیشن ڈیٹا بھی محفوظ کر لیتا ہے۔
اخبار کا دعوی ہے کہ ہماری تمام کمیونیکیشن کی جاسوسی ہو رہی ہے۔ فرانسیسی اخبار کے اس دعوے پر حکومتی اہلکاروں نے تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے کہ فرانسیسی خفیہ ادارے ایک سپر کمپیوٹر پر کمیونیکیشن ڈیٹا محفوظ کرتے ہیں۔ واضع رہے کہ امریکا کے جاسوسی کے پروگرام کے منظر عام پر آنے کے بعد امریکی عہدیداروں نے اسے امریکی عوام کے تحفظ کے لیے ضروری قرار دیا تھا۔
حال ہی میں امریکی حکومت کی جانب سے ”پرزم” نامی پروگرام کے منظر عام پر آنے کے بعد تمام دنیا میں حکومتوں اور خفیہ اداروں کی جانب سے ٹیلی فون اور کمپیوٹر ڈیٹا کی نگرانی کے سیاسی اور اخلاقی پہلوں پر مباحثے جاری ہیں۔ امریکی حکومت کو اس حوالے سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔