فرانسیسی سیاح کا رچرڈ گیر پر ترس، پیزے کا ٹکڑا پیش کر دیا

Richard Geer

Richard Geer

نیویارک (جیوڈیسک) مثل مشہور ہے کہ “لاعلمی بھی ایک نعمت ہے”۔ ایک نامعلوم فرانسیسی سیاح کے لیے بھی لاعلمی میں اس سے سرزد ہونے والا واقعہ اس کے لئے نعمت ثابت ہوا کیونکہ اس کے بعد سے وہ بھی معروف امریکی اداکار رچرڈ گیر کے ساتھ عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے دورے کے دوران حال ہی میں ایک فرانسیسی خاتون سیاح نے معروف اداکار رچرڈ گیر کو غریب سمجھ کر اپنے پاس سے پیزے کا ایک ٹکڑا پیش کیا۔ اسے معلوم نہیں تھا کہ یہ معروف امریکی اداکار ہے جو کوڑے کرکٹ کے ڈھیر پر فلم کے کسی منظر کی عکس بندی کرا رہا ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق یہ واقعہ حال ہی میں اس وقت پیش آیا جب ایک 42 سالہ فرانسیسی سیاح کارین فالنی گومبو اپنے شوہر اور 15 سالہ بیٹے کے ہمراہ مین ہٹن کے گرانڈ سنٹرل سٹیشن کے قریب واقع ایک بیکری سے پیزا لے کر باہر نکلی۔ اس کی نظر کچھ فاصلے پر ایک شخص پر پڑی جو کوڑے کے ڈھیر پر کچھ ڈھونڈ رہا تھا۔ وہ تیزی کے ساتھ اس کی طرف بڑھی قریب جا کر اسے غریب سمجھتے ہوئے پیزے کا ایک ٹکڑا اسے کھانے کو دیا۔ چونسٹھ سالہ رچرڈ گیر نے خاتون کا شکریہ ادا کیا۔ رچرڈ گیر نے اس وقت فرانسیسی سیاح پر یہ ظاہر نہیں ہونے دیا کہ وہ معروف امریکی اداکار ہے اور فلم “ٹائم آئوٹ آف مائینڈ” نامی فلم کی عکس بندی کر رہا ہے۔ خاتون کو دو دن بعد اس وقت پتہ چلا جب اخبار نے سارے واقعے کی تصاویر شائع کر دیں۔