دوستی سے انکار، خاتون کو زنجیروں میں جکڑ دیا

Dherki

Dherki

ڈہرکی (جیوڈیسک) ڈہرکی میں با اثر وڈیرے نے دوستی سے انکار پر سکول ٹیچر کو زنجیر سے جکڑ کر گھر میں قید کر دیا اور زنجیر کھولنے پر بیٹی سمیت قتل کرنے کی دھمکی دیدی۔ دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد پولیس نے خاتون کو زنجیروں سے رہائی دلائی۔ مظلوم خاتون نے چیف جسٹس سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

ڈہرکی میں بااثر وڈیرے نے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں۔ محنت کش کی بیٹی جو ایک پرائیویٹ سکول میں پڑھاتی ہے۔ اس کو دوستی سے انکار پر گھر میں ہی زنجیر سے جکڑ دیا۔ سکول ٹیچر کا کہنا ہے کہ اسے دھمکی دی گئی ہے کہ زنجیر کھولی تو اسے بیٹی سمیت قتل کر دے گا۔ بااثر وڈیرے کے ظلم کا شکار یہ خاندان اس قدر خوفزدہ ہے کہ اس کی غیر موجودگی میں بھی زنجیر نہیں کھولتا۔

اس خاتون نے عید بھی اسی حالت میں گزاری۔ دنیا نیوز نے اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائی تو پولیس کو بھی ہوش آ گیا۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے ڈہرکی پولیس کو متاثرہ خاتون ٹیچر کو تحفظ دینے اور وڈیرے کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جس کے بعد پولیس نے گھر جا کر سکول ٹیچر کی زنجیریں کھول دیں۔

مظلوم سکول ٹیچر نے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ وڈیرے سے اس کی جان کو خطرہ ہے۔ اسے تحفظ اور انصاف دلایا جائے۔