کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانا آسان نہیں متاثرین کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے: سردار یعقوب

Sardar Yaqoob

Sardar Yaqoob

راولاکوٹ (جیوڈیسک) صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے امداد کرنے والی تنظیموں سے متاثرین سیلاب کی عزت نفس کا بھرپور لحاظ رکھنے کا کہا ہے انہوں نے کہا کہ یہ تنظیمیں جن لوگوں کی مدد کرنے جا رہی ہیں ان کے لیے ہاتھ پھیلانا زندگی کا مشکل ترین کام رہا ہے وہ گزشتہ روز راولا کوٹ کے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزاد کشمیر برانچ کی سیکرٹری اور سابق رکن اسمبلی گلزار فاطمہ اور ان کی ٹیم کے ارکان سے بات چیت کررہے تھے۔

اس سے پہلے گلزار فاطمہ نے صدر آزاد کشمیرکو جوانجمن ہلال احمر آزاد کشمیر کے سرپرست بھی ہیں پو نچھ ڈویژن میں امدادی آپریشن کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صدر سردار یعقوب نے مشکل کی اس گھڑی میں ریڈ کریسنٹ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں میں ابھی تک کوئی اور امدادی ادارہ نہیں پہنچ سکا ہلال احمر کے رضاکار وہاں پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف نظر آرہے ہیں انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے آزاد کشمیر کے بہادر جفاکش اور خوددار لوگوں کو بے سروساما ن کر دیا ہے، کوئی بھی علاقہ ایسی صورتحال سے دوچار ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے بہادر لوگوں نے آٹھ اکتوبر کے تباہ کن زلزلے کا جرات کے ساتھ مقابلہ کیا ہے ، ہمارے لوگ موجود ہ آزمائش سے بھی سرخرو ہو کر نکلیں گے انہوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی سیلاب کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں ہم اپنے ان بھائیوں کی مدد کے لیے بے تاب ہیں مگر خونی لکیر ہمارے ان جذبات کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ ہے صدر آزاد کشمیر نے متاثرین پر زور دیا ہے کہ وہ امدادی اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں کیونکہ اس نوعیت کی آفات کا مقابلہ مل جل کر ہی کیا جا سکتا ہے۔