سول سوسائٹی آگے آئے، سیاستدان سدھرنے والے نہیں غوث بخش مہر

Shikarpur

Shikarpur

شکارپور (جیوڈیسک) رکن قومی اسمبلی و فنکشنل لیگ کے رہنما غوث بخش مہر نے کہا ہے کہ سول سوسائٹی آگے آئے، سیاستدان سدھرنے والے نہیں، اب سیاستدانوں کو عوام کی عدالت کا سامنا کرنا پڑے گا، کبھی شکارپور کے چرچے ہوا کرتے تھے، مخیر حضرات نے یہاں درسگاہیں ، اسپتال ، خوبصورت پارک اور سڑکیں بنائیں، یہاں امن وامان قائم تھا مگر آج ہم جہاں جاتے ہیں وہاں لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ آپ کا ضلع بدامنی کی لپیٹ میں کیوں آگیا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکارپور بچاؤتحریک کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ شکارپور بچاؤتحریک کو ضلع بھر میں پھیلایا جائے اور لوگوں میں شعور بیدار کیا جائے، تاکہ لوگ آئندہ سوچ سمجھ کر ووٹ دیں ، انہوں نے کہا کہ اس وقت جرائم کو کنٹرول کرنے ، کرپشن کا خاتمہ کرنے اور گڈ گورننس کی ضرورت ہے، اب شکارپور والوں سے بھی بھتے لیے جارہے ہیں۔

سول سوسائٹی کو تمام مسائل کے حل کے لیے آگے بڑھنا ہوگا، انہوں نے یقین دلایا کہ ہم سول سوسائٹی سے اپنا تعاون جاری رکھیں گے، مگر یہ بھی سچ ہے کہ ہم اپوزیشن میں ہیں او ر ہماری بات سنی نہیں جاتی، پیپلزپارٹی کے رہنما سردار مقبول احمد شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شکارپور بچاؤتحریک شکارپور کی ترقی اور عوام کے مفادات میں ہے ، شکار پور کے مسائل کو حل کرنا حکمرانوں کے ہاتھ میں ہے، آپ ہمیں جہاں لے جائیں ہم آپ کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں، شہر میں امن وامان کے قیام کےلیے چوکیداری سسٹم قائم کیا جائے اس پر جو بھی خرچہ آئے گا میں اس کا پچاس فیصد دینے کو تیار ہوں، سندھ حکومت نے پچاس لاکھ روپے اسپتال کی ادویات کےلیے دینے کا کہا ہے۔

شکارپور بچاؤتحریک والے اپنی کمیٹی بنائیں اور اس رقم کی مانیٹرنگ کریں۔ ایم پی اے امتیازاحمد شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مسائل پر اسمبلی میں آواز اٹھائی مگر حکمران سننے کو تیار نہیں، ڈاکٹر اسپتال میں ڈیوٹی نہیں کرتے ، رشوت دے کر آتے ہیں اور بھتے دیتے رہتے ہیں، ہم نے اپنے دور میں مفت نوکریاں دیں، اب پولیس میں بھرتی کےلیے سرعام لاکھوں روپے لیے جارہے ہیں۔مسلم لیگ(ن) کے رہنما ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی نے کہا کہ شکارپور بچاؤتحریک وقت کی اہم ضرورت ہے، شکارپور بچاؤ تحریک کے جنرل سیکریٹری علی اصغر پہوڑ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ہمارا ایجنڈا منتخب ارکان و حکومت تک عوام کی آواز پہنچانا ہے۔