گوجرانوالہ (جیوڈیسک) صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے واسا ٹھیکیداروں کو کروڑوں کی ادائیگی بند ہوگئی اور منصوبوں پر ترقیاتی کام بند ہونے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔ پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ شہر میں نکاسی آب یقینی بنانے کیلئے پرانی اور بوسیدہ پائپ لائن کو تبدیل کرنے اور متعدد علاقوں میں نئی پائپ لائن بچھانے کیلئے 94 کروڑ کی منظوری دی تھی اور اس منصوبہ پر رواں مالی سال میں باقاعدہ کام شروع کر دیا گیا تھا۔
منصوبے کیلئے حکومت نے 42 کروڑ کی پہلی قسط جاری کر دی تھی جس سے تقریبا 52 فیصد تک کام مکمل کر لیا گیا ہے لیکن حکومت کی جانب سے دوسری قسط جاری نہ ہونے کی وجہ واسا ٹھیکیداروں کو ادائیگی بند ہوگئی ہے جس سے جاری ترقیاتی کام متاثر ہونے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے، ٹھیکیداروں کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ تین ماہ کے دوران کوئی ادائیگی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ان کی رقم 5 کروڑ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ واسا حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ ایکسائزکی جانب سے شیئر کی مد میں 5 کروڑ 70 لاکھ روپے مل گئے ہیں ٹھیکیداروں کوجلد ادائیگی کردی جائیگی۔