کراچی (جیوڈیسک) پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث بجلی کی طلب کم ہو گئی، گزشتہ ماہ فرنس آئل کی کھپت 6.61 لاکھ ٹن رہی، مئی میں 8.88 لاکھ ٹن سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی۔
گزشتہ ماہ جون کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے اکثر علاقوں میں بارشوں کے باعث بجلی کی طلب میں کمی دیکھی گئی، جس کے باعث بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونیوالے فرنس آئل کی کھپت بھی 26 فیصد کم رہی جبکہ ڈیزل اور پٹرول سمیت تمام پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق جون میں فرنس آئل کی کھپت 26 فیصد کمی سے 6 لاکھ 61 ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی جبکہ مئی میں فرنس آئل کی کھپت 8 لاکھ 88 ہزار ٹن سے زائد رہی تھی۔
انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ جون کے دوسرے اور تیسرے ہفتے میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے اکثر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ رہا جس کے باعث ایسے علاقوں میں بجلی کی طلب کم رہی جس کی وجہ سے فرنس آئل کی کھپت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جون میں ڈیزل کی کھپت بھی 34 فیصد کی نمایاں کمی سے 5 لاکھ 99 ہزار ٹن سے زائد رہی جبکہ مئی میں ڈیزل کی کھپت 9 لاکھ 1 ہزار ٹن سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی۔
پٹرول کی کھپت گزشتہ ماہ 4 فیصد کمی سے 6 لاکھ 23 ہزار ٹن رہی جبکہ مئی میں پٹرول کی کھپت ساڑھے 6 لاکھ ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔ طیاروں میں استعمال ہونیوالے ایندھن جیٹ فیول ون اور ایٹ کی کھپت جون میں 23 فیصد کمی سے 73 ہزار ٹن سے زائد رہی جبکہ مئی میں جے پی ون اور ایٹ کی کھپت 94 ہزار 6 سو ٹن کی سطح پر رہی تھی۔
مٹی کے تیل کی کھپت جون میں 19 فیصد کمی سے 7639 ٹن رہی جبکہ مئی میں مٹی کے تیل کی کھپت 9414 ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔ ہائی اوکٹین کی کھپت 13 فیصد کمی سے 8875 ٹن رہی جبکہ مئی میں یہ سطح 10 ہزار ٹن سے زائد ریکارڈ کی گئی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی کھپت جون میں 18 فیصد کمی سے 1551 ٹن رہی اور مئی میں لائٹ ڈیزل آئل کی کھپت 1897 ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔