سعودی حکومت کی جانب سے 527 مزید حجاج کا کوٹہ پرانے ٹور آپریٹروں میں تقسیم کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چینلج کر دیا گیا۔ درخواست گزار ٹور آپریٹروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے 527 مزید حجاج کرام کا کوٹہ پاکستان کو دیا ہے۔ جو وزارت مذہبی امور ملی بھگت سے پانچ لاکھ سے زائد میں حج کروانے والوں ٹور آپریٹروں میں تقسیم کررہی ہے جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے واضح حکم دیا تھا کہ سستا حج کروانے والوں کو ترجیح دی جائے۔
وزارت مذہبی امور کا یہ عمل نہ صرف عدالتی احکامات کی بلکہ بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ لہذا عدالت کوٹہ دینے پر حکم امتناعی جاری کرے جبکہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں زیرالتوا حج کوٹہ کیس کو اسلام آباد منتقل کرنے کے لیے بھی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق 19 اگست کو لاہور میں سپریم کورٹ کا کوئی بنچ کام نہیں کر رہا لہذا کیس کو اسلام آباد منتقل کیا جائے۔