کرکٹ سمر کیمپ میں عمر رسیدہ کھلاڑیوں کی بھرمار

Cricket Summer Camp

Cricket Summer Camp

لاہور (جیوڈیسک) مستقبل کے ایونٹس کی تیاری کیلیے جاری سمر کیمپ میں عمر رسیدہ کرکٹرز کی بھرمار ہو گئی، مصباح الحق تقریباً 40 سال کے ہوچکے، یونس خان، ذوالفقار بابر اور یاسر حمید بھی زندگی کی 36 بہاریں دیکھ چکے، اعزاز چیمہ 35 برس کے ہیں، کمسن ترین سمیع اسلم کی عمر 18 سال اور 150 دن ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں جاری قومی کیمپ میں سلیکٹرز نے نوجوانوں کے بجائے عمر رسیدہ پلیئرز کو ترجیح دی، مصباح الحق رواں ماہ کی 28 تاریخ کو 40 ویں سالگرہ منائیں گے، کیمپ کے نگران اور این سی اے ہیڈ کوچ محمد اکرم ٹیسٹ و ون ڈے کپتان سے 5 دن چھوٹے ہیں، یونس خان، ذوالفقار بابر، یاسر حمید زندگی میں 36 بہاریں دیکھ چکے،اعزاز چیمہ 35،شاہد آفریدی،محمد حفیظ، عبدالرحمان 34 ،محمد سمیع، توفیق عمر 33، عمران فرحت،محمد عرفان،فیصل اقبال اور عاطف مقبول 32 سال کے ہیں،عمر گل 30 واں سال گزار رہے ہیں،وہاب ریاض، عدنان اکمل،فواد عالم، سہیل تنویر، اظہر علی 29 کے ہوچکے،اسد شفیق، خرم منظور، یاسر شاہ کی عمر 28 جبکہ صہیب مقصود اور سرفراز احمد کی 27 سال ہے۔

محمد طلحہٰ، راحت علی،انور علی 26، عمر امین،شان مسعود اور حارث سہیل 25سال کے ہو چکے، سب سے کمسن کرکٹر سمیع اسلم کی عمر 18سال اور 150دن ہے،بابر اعظم کو 20ویں سالگرہ کا انتظار ہے، رضا حسن اور احسان عادل کا 22واں، احمد شہزاد اور بلاول بھٹی کا 23 واں سال پورا ہونے والا ہے،عمر اکمل، ناصر جمشید اور شرجیل خان 24 برس کے ہیں۔

سمر کیمپ کا حصہ بننے والے پی سی بی پینتھرز اسکواڈ میں شامل 20 کرکٹرز کی اوسط عمر ساڑھے 29 جبکہ ٹائیگرز کی 28 سال کے قریب بنتی ہے۔کرکٹ حلقوں میں اس بات پر حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے کہ مستقبل کیلیے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے دعویدار سلیکٹرز آخر کار بار بار پرانے چہروں پر انحصار کی طرف کیوں لوٹ آتے ہیں، کیمپ میں کئی چلے ہوئے کارتوس بھی شامل ہیں جنھیں پہلے کئی بار آزمایا اور ناکام قرار دیا جاچکا،اب ان سے کیا توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں، اگر وہ سپر فٹ بھی ہوں تو آئندہ کے کس پلان میں فٹ بیٹھیں گے؟