اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف سے وزیر خزانہ نے ملاقات کی ہے، اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ تھری جی اور فور جی کی نیلامی سے ٹیکنالوجی سیکٹر میں 10 لاکھ افراد کو روز گار ملے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعلیم ، زراعت اور ہیلتھ کے شعبوں میں انقلاب آئے گا۔ وزیر اعظم ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تھری جی اور فور جی کی کامیاب نیلامی بارے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی انتھک کوششوں کو سراہا، اس موقع پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان بھی موجود تھیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تھری جی اور فور جی کی نیلامی میں شفافیت کو یقینی بنانا قابل تعریف ہے۔