برسلز (جیوڈیسک) ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم جی 7 نے روس کی یوکرین میں مسلسل مداخلت پرمزید پابندیاں عائد کرنے کی منظوری دیدی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برسلز میں جی سیون ممالک کے اجلاس کے دوران رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ یوکرین میں روس کی مسلسل مداخلت کے باعث سیاسی بحران شدت اختیار کرچکا ہے جس کے باعث روس پر اضافی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
جس کا اعلان پیرکو کیا جائے گا۔ جی سیون کی جانب سے لگائی جانے والے نئی پابندیوں کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں تاہم اس سے قبل جی سیون نے روس کے متعدد سیاسی رہنماؤں اور سرمایہ کاروں کے اثاثے منجمند کرنے کے علاوہ یورپ میں داخلے پر بھی پابندی عائد کررکھی ہے جبکہ وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے کہ روس پرنئی پابندیوں سے ماسکو کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
دوسری جانب روس نے امریکا اور یورپی ممالک کی جانب سے عائد پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو یوکرین میں یورپ نواز نئی حکومت کو تسلیم نہیں کرتا اور مشرقی علاقے سلیویانک میں روسی نژاد شہریوں کی ہلاکت قابل مذمت ہے۔