اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال صورت حال کے باعث امیر ممالک کے گروپ جی 20 نے پاکستان کے ذمے واجب الادا1.7 ارب ڈالرز کے قرض کی ادائیگی معطل کردی ہے جس سے پاکستان کو بڑی سہولت ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق جی 20 ممالک کی طرف سے ڈیٹ سروس کی معطلی کے لیے پاکستان نے فرانس، چین اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ ڈیٹ کی ری شیڈولنگ کے لئے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔ پاکستان نے جی 20 ممالک کے ڈیٹ سروس کی معطلی کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لئے مذاکرات کیے۔ سہولت کے تحت پاکستان کو 1.7 بلین ڈالرز کے قرض کی ادائیگی معطل رہے گی۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان جی 20 ممالک سے مئی تا دسمبر 2020 کے عرصے کے لیے 1 اعشاریہ 8 بلین ڈالر کے قرض کی واپسی میں ریلیف کی توقع کررہا تھا۔ اس میں 1.47 بلین ڈالر قرض کی اصل رقم اور 323 ملین ڈالر کا سود شامل ہے۔ کورونا کے منفی معاشی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے جی 20 ممالک ڈیٹ سروس کی معطلی کی سہولت کا آغاز کیا گیا تھا۔