گڈانی (جیوڈیسک) گڈانی وزیراعظم نے گڈانی میں پانچ ہزار دو سو میگا واٹ توانائی راہدی کا افتتاح کر دیا۔ کہتے ہیں سرمایہ داروں کو نئی راہ دکھائی ہے۔ نواز شریف نے کراچی میں مزار قائد پر بھی حاضری دی۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاور پارک منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں چھ سو ساٹھ میگاواٹ کے بجلی گھر تعمیر کئے جائیں گے۔ پاور پارک میں پہلا منصوبہ پاکستان خود لگائے گا۔
منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان میں روزگار بڑھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کی طلب انیس ہزار میگاواٹ اور شارٹ فال تین ہزار میگاواٹ ہے، پیداواری ہدف پچاس ہزار میگاواٹ ہونا چاہیے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے ایسے چار منصوبے شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ حکومت دریاں پر چھوٹے بجلی گھروں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی بھی کر رہی ہے ہمیں ملکی ترقی کیلئے تیزی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
حکومت کراچی سے لاہور چھ رویہ موٹروے بھی تعمیر کرے گی۔ کاشغر سے گوادر تک اقتصادی راہداری بھی بنائی جائے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو گڈانی میں توانائی راہداری سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ اس سے پہلے میاں محمد نواز شریف وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ کراچی پہنچے اور ہیلی کاپٹر سے مزار قائد پہنچے۔ انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد میں ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل کرم سے وزیراعظم کی حیثیت سے کراچی آیا ہوں۔
وہ دن بھی یاد ہے جب بکتر بند میں کراچی آیا تھا۔ پاکستان میں جو بھی جدوجہد کی وہ بھی اپ کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے ذریعے ملک میں تبدیلی آئی ہے۔ پاکستان جمہوریت کی طرف گامزن ہے۔ خوشی کی بات ہے جمہوریت کے ذریعے تبدلی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار کی منتقلی پاکستان کے مفاد میں ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اکھٹے رہیں گے تو ملک کی گاڑی آگے بڑھے گی۔ سندھ میں پیپلز پارٹی سمیت سب کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔