لسبیلہ (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے کراچی سے متصل ضلع لسبیلہ کے علاقے گڈانی میں دھماکوں کے بعد لگنے والی آگ میں جھلس کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 14 ہو گئی ہے جبکہ 35 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ منگل کو گڈانی میں واقع شپ بریکنگ یارڈ میں ایک بحری جہاز کو توڑنے کے دوران پیش آیا تھا جب زوردار دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
مقامی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ بڑی تعداد میں مزدور ایک آئل ٹینکر کو توڑنے میں مصروف تھے کہ اس دوران دھماکے ہوئے۔
بلوچستان کے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ادارے کے اہلکار کا کہنا ہے کہ منگل کی شام تک 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دھماکے اور آتشزدگی میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج کے لیے حب اور کراچی منتقل کیا گیا ہے۔
گڈانی کراچی کے قریب واقع ہے اور یہ پاکستان کا واحد شپ بریکنگ یارڈ ہے زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔
گڈانی بلوچستان کی اس ساحلی پٹی پر واقع ہے جو کراچی کے قریب ہے اور یہ پاکستان کا واحد شپ بریکنگ یارڈ ہے۔
اس شپ بریکنگ یارڈ میں پہلے بھی اس طرح کے حادثات پیش آتے رہے ہیں۔ مزدور تنظیموں کا کہنا ہے کہ شپ بریکنگ یارڈ میں اس طرح کے واقعات مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔