گیل جرمنی میں علاج کرائیں گے

Chris Gail

Chris Gail

نئی دہلی (جیوڈیسک) ویسٹ انڈیز کے جارحانہ مزاج کے بلے باز کرس گیل فٹنس مسائل سے نجات حاصل کرنے کےلئے جرمنی سے علاج کرائیں گے۔ بنگلہ دیش میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد کمر کی تکلیف میں مبتلا ہونے والے اوپننگ بلے باز اسی وجہ سے آئی پی ایل کے ابتدائی میچوں میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

گیل نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں اپنے کیریئر کا 100 واں ٹیسٹ کھیلنے کےلئے پرعزم ہیں۔ایک انٹرویو میں گیل نے کہا کہ وہ نیوزی لینڈ سیریز سے قبل مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔ یاد رہے کہ چونتیس سالہ گیل چند ماہ سے مختلف انجریز کا شکار ہیں ۔ گزشتہ سال نومبر میں وہ انڈیا کے خلاف سیریز کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

گیل نے کہا کہ انجریز کی وجہ سے ان کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، آئی پی ایل کے دوران بھی وہ شائقین کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔ ‘جہاں تک ممکن ہو سکا ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کرکے دوبارہ اپنے ملک کےلئے کھیلنا چاہوں گا’ ۔

اپنے سوویں ٹیسٹ کے حوالے سے گیل نے کہا کہ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے کےلئے بے تاب ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں یہ اعزاز حاصل کر لیں گے۔گیل کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کےلئے 15 رکنی ٹریننگ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ وہ یکم جون کو کیمپ جوائن کر لیں گے۔ ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ 8 جون سے شروع ہوگا۔