پالی کیلے (جیوڈیسک) سری لنکا کے خلاف کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی پوری ٹیم 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی ہے جس کے بعد سری لنکا کو پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 63 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
سری لنکا کے پالی کیلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری میچ کے تیسرے روز پاکستان نے آئی لینڈرز کے خلاف 209 رنز 9 وکٹوں کے نقسان پر اپنی نامکمل کا آغاز کیا تو سرفراز احمد 70 جب کہ عمران خان صفر پر کریز پر موجود تھے۔
ٹیم کے مجموعی اسکور میں ابھی صرف 6 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ عمران خان کی صورت میں ٹیم کا آخری کھلاڑی بھی آؤٹ ہوگیا۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز سرفراز احمد نے بنائے انہوں نے 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے پرساد ،پردیپ اور کوشل نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں اور اسے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 63 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔