گڑھی خدا بخش (جیوڈیسک) ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی مرکزی تقریب کیلئے گڑھی خدا بخش میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ ملک بھر سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور جیالے بھٹو خاندان کی قبروں پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں۔
گڑھی خدا بخش میں ہی ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر کی یادگار تصاویر کی نمائش بھی جاری ہے۔ ان میں بینظیر کے بچپن اور ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ غیرملکی دوروں کی تصاویر بھی شامل ہیں۔ یہ نمائش دو روز جاری رہے گی۔
سابق وزیر اعظم کی برسی پر اپنے پیغام میں سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں طاقت غیر منتخب قوتوں کی طرف منتقل ہو رہی ہے، یہ جاننا ضروری ہے کہ طاقت بیلٹ باکس کے ذریعہ ہی آتی ہے گولی سے نہیں۔
دوسری جانب لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پسند جماعت ہے، بھٹو کی برسی پر اڑھائی کروڑ روپے کے اجراء کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔