گیس بندش کے باعث تندوروں پر رش مالکان نے روٹی نان کے ریت بڑھا دیئے

Gas

Gas

فیصل آباد (جیوڈیسک) گیس کی بندش کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑنے سے شہریوں کی بڑی تعداد تندوروں سے روٹی اور نان خریدنے پر مجبور ہو گئی، تندور مالکان نے مانگ میں اضافہ دیکھتے ہوئے روٹی اور نان کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی کم و بیش 90 فیصد آبادی کو گیس کا پریشر کم ہونے یا گیس بالکل میسر نہ ہونے کے باعث شہری گھروں میں روٹی پکانے سے محروم ہیں تاہم تندور مالکان نے بھی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور دیگر مانیٹرنگ ٹیموں کی چشم پوشی کے باعث گلی محلوں اور عام مارکیٹوں میں مقرر کردہ نرخوں پر روٹی کی دستیابی ایک خواب بن چکی ہے۔ دوسر ی جانب تندور مالکان کا کہنا ہے کہ گیس نہ ملنے پر تندور میں لکڑیاں جلائی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے اخراجات زیادہ اٹھانا پڑتے ہیں۔

تاہم شہریوں نے اس تاثر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی بندش صرف گھریلو صارفین کیلئے ہے۔ تندور مالکان گیس کی بندش کا بہانہ بنا کر مرضی کے ریٹ وصول کر رہے ہیں اور انہیں کوئی نہیں پکڑتا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ روٹی اور نان کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے اور سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔