فیصل آباد : پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (نارتھ زون) نے تین ماہ کیلئے مکمل گیس بندش کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی وضع کرنے کیلئے ٹیکسٹائل سیکٹرکی دیگر 15 تنظیموں سے رابطے شروع کر دئیے ہیں۔ اور توقع ہے کہ ان کا مشترکہ اجلاس دس محرم کے فوراُ بعد ہو گا۔ یہ بات پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (نارتھ زون) کے سنیئر وائس چیئرمین رانا الطاف احمد نے ایسوسی ایشن کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
گذشتہ برس کی تاریخ ایک بار پھر سے دوہرائی جارہی ہے، تاہم اس سلسلے کو روکنے کیلئے ہمیں مستقل حل تلاش کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ پچھلے برس کی گیس بندش کے بعد 33 فیصدکوٹہ کا فیصلہ ہواتھا ،جس پر پوراسال عمل کیا گیا، تاہم ہوزری مالکان کو خدشہ ہے کہ اس سال تین ماہ کی بندش کے نام پر 5 ماہ تک گیس بند رکھی جاسکتی ہے، جس سے اْنکے کاروبار تباہ اور لاکھوں مزدوربیروزگارہوجائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں33 فیصد کوٹہ ہر حال میں ملنا چاہئے،اور اس مسئلہ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ گیس بندش کے فیصلے کے خلاف متفقہ اور مشترکہ حکمت ِعملی وضع کرنے کیلئے ٹیکسٹائل کے شعبہ سے وابستہ تمام تنظیموں سے رابطے کیے جارہے ہیں، تاکہ10 محرم کے فوراُ بعد حتمی فیصلہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مشترکہ اجلاس میں طے پائے جانے والے پروگرام کا اعلان ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا جائے گا، اور اگر ضرورت پیش آئی تو ہم سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے سے بھی گریزنہیں کریں گے۔
اجلاس میں محمدامجد خواجہ، سید ضیاء علمدارحسین، قیصر محمود، میاں نعیم احمد، حاجی محمد شفیع،فرخ اقبال، عثمان ہادی، شاہداحمد شیخ ، مبین عالم کے علاوہ دیگر ایگزیکٹوممبران نے بھی شرکت کی۔