گیس کا شدید بحران: سیکڑوں شہریوں کا احتجاج حکومت مخالف نعرے ٹریفک جام

Gas

Gas

راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ شہری سڑکوں پر نکل آئے، سیکڑوں شہریوں کا احتجاج گیس کی فراہمی کا مطالبہ، حکومت کے خلاف زبر دست نعرے بازی، ٹریفک بلاک کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے تمام علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کی شکایات عام ہو گئیں۔ کرشن پورہ اصغر مال سکیم، نیا محلہ گوالمنڈی، ڈھوک رتہ، ڈھوک حسو، ڈھوک منگٹال، صادق آباد، ڈھوک کشمیریاں ، کینٹ کے علاقوں چوہڑ، الہ آباد، چاکرہ، ڈھوک سیداں، پیر ودہائی اور دیگر علاقوں میں گیس کا کم پر یشر شدت اختیار کر گیا جس سے معمولات بری طرح متاثر ہو گئے

مظاہرین نے کہا کہ ناشتے کی تیاری ہانڈی روٹی اور گھر کے کاموں میں شدید پریشانی کا سامنا ہے، نانبائی اوربعض گھروں میں کمپریسر لگا کر گیس کا پریشر بڑھانے کے عمل سے بھی دیگر صارفین کو گیس کی فراہمی ختم ہو جاتی ہے شہریوں نے جمعہ کو اندرون شہر کے علاقوں کرشن پورہ ڈھوک دلال اور باغ سرداراں میں احتجاجی مظاہرے کئے اور بعد ازاں چونگی نمبر چار پر اکٹھے ہو کر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے اندرون شہر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا، مظاہرہ میں شامل خواتین نے کھانا پکانے کے برتن اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاج کیا بعدازاں مقامی انتظامیہ اور پولیس سے مذاکرات کے بعد منتشر ہو گئے۔