کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری گیس بحران سمیت تمام مسائل کا حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر میں گیس کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں عوام کے گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے ہو گئے، عمران خان مسلسل بحرانوں کو جنم دے کر عوام کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان ایک وقت کے کھانے کیلئے دربدر شہریوں سے معافی مانگیں، اگر حکومت بروقت ایل این جی منگوا لیتی تو آج ملک میں گیس کی قلت نہ ہوتی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمارے دور حکومت کا پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کر لیا جاتا تو آج توانائی بحران نہ ہوتا، گیس مہنگی کرکے بھی عوام کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومتی نااہلی کے سبب آج صنعتیں اپنے ایکسپورٹ آرڈرز تک پورے نہیں کر پا رہیں، گیس بحران سمیت دیگر مسائل سے نجات کا حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے۔