پاکستان (جیوڈیسک)پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضی مغل نے ایران سے قدرتی گیس درامد کرنے کے منصوبہ کے افتتاح کوایک تاریخی اقدام قرار دیا ہے ۔ پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضی مغل کے مطابق اس سے پاکستان کی معیشت کو سہارا ملے گا جبکہ خطہ کے ممالک میں قربت کے علاوہ پاکستان کے ایران اور عرب و خلیجی ممالک سے تعلقات میں توازن پیدا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے مثبت اثرات پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کے ساتھ ساتھ خطہ کے تمام ممالک پر پڑیں گے اور سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ہو گا، انہوں نے کہا کہ منصوبے کے پس منظر میں پاکستان پر پابندیاں لگنے کا امکان کم ہے کیونکہ اس سے جہاں ہماری معیشت متاثر ہو گی ، وہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ اورامریکہ کا افغانستان سے انخلا بھی مشکل ہو جائے گا ، جو واشنگٹن کے مفادات کے خلاف ہے۔