گیس پائپ لائن دھماکے، لاہور سمیت متعدد شہر گیس بحران کا شکار ہو گئے

Gas Crisis

Gas Crisis

لاہور (جیوڈیسک) گیس پائپ لائن پر تخریب کاری کی وجہ سے لاہور سمیت متعدد شہر گیس بحران کا شکار ہو گئے۔ پائپ لائینز کی مرمت منگل کی شام تک ہونے کا امکان ہے، صنعتوں کو بھی گیس فراہمی بند کر دی گئی۔

سوئی ناردرن حکام کے مطابق رحیم یار خان کے قریب تخریب کاروں نے رات گئے تین گیس پائپ لائنوں کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے لاہور، رحیم یار خان اور فیصل آباد کو گیس فراہمی بری طرح متاثر ہوئی۔

لاہور میں جوہر ٹاؤن ، ٹاؤن شپ، واپڈا ٹاؤن، گلبرگ، ملتان روڈ، فیروز پور روڈ، شالیمار، اقبال ٹاون، شاد باغ، دھرم پورہ کے اکثر علاقے گیس سے محروم ہیں جبکہ دیگر علاقوں میں بھی انتہائی کم پریشر سے گیس فراہم ہو رہی ہے۔

ایم ڈی سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز عارف حمید کے مطابق پائپ لائنز کی مرمت کے لئے ٹیمیں پہنچ چکی ہیں لیکن ابھی پائپ لائنز میں گیس ہونے کی وجہ سے مرمت کا کام شروع ہونے میں مزید وقت لگے گا جس کے بعد کم از کم 36 سے 48 گھنٹے مرمت کے کام کے لئے درکار ہوں گے۔ گیس قلت ہونے کی وجہ سے صنعتوں کو گیس فراہمی منقطع کر دی گئی ہے۔