گیس ری فلنگ کا دھندا ، کسی بھی بڑے سانحہ کا سبب بن سکتا ہے

کھاریاں : گیس ری فلنگ کا دھندا ، کسی بھی بڑے سانحہ کا سبب بن سکتا ہے ، کھاریاں اور گردونواح میں گیس سلنڈر فروخت کرنے کی آڑ میں قائم ، گیس ری فلنگ کے غیر قانونی دھندے میں ملوث افراد کو انتظامی اداروں نے کئی مرتبہ اپنی گرفت میں لیا ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

مگر ضمانتوں پر رہائی پانے کے بعد یہ افراد غیر قانونی دھندا پھر سے شروع کر دیتے ہیں ، اس سلسلہ میں کئے گئے سروے کے مطابق کھاریاں شہر میں بعض گیس ایجنسیوں پر گیس سلنڈروں کی فروخت کی آڑ میں گیس کی ری فلنگ کا دھندا اندر کھاتے قائم کئے گئے گوداموں میں ہو رہا ہے۔

جس کے باعث کسی بھی وقت گجرات کی طرز کا کوئی بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے ، غیر قانونی دھندے سے متعلق گاہے بہ گاہے چھپنے والی خبروں کے بعد انتظامی اداروں کے افسران نے بارہا متعدد دوکانداروں کو چھاپہ مار کر مقدمات درج کر کے سلاخوں کے پیچھے بند کیا مگر یہ افراد عدالتوں سے ضمانتوں پر رہائی حاصل کرنے کے بعد غیر قانونی دھندا پھر سے شروع کر دیتے ہیں۔

ضرورت اس امر کی یہ ہے کہ گیس ری فلنگ کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے اور اس دھندے کو روکنے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کیا جائے تا کہ کوئی بڑا حادثہ رونما نہ ہو پائے۔