گیس کی فراہمی معطل چولہے ٹھنڈے احتجاج کی دھمکی

Gas

Gas

راولپنڈی (جیوڈیسک) سی این جی اسٹیشنز کھلتے ہی خالد بن ولید کالونی، نیازی محلہ اور ڈھوک لولیاں میں گیس کی سپلائی بند، مسئلہ حل نہ کیا گیا تو چکری روڈ بند کر دیں گے، شہری سی این جی اسٹیشنز کھلتے ہی شہریوں کو گیس کی فراہمی مکمل معطل ہوگئی اور گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔

تفصیلات کے مطابق غوث اعظم روڈ پر واقع چوہدری نثار علی خان کے حلقہ انتخاب این اے 52 کی یونین کونسل 86 لکھن کی مختلف آبادیاں خالد بن ولید کالونی، نیازی محلہ اورڈھوک لولیاں کے لاکھوں مکین گزشتہ کئی برس سے موسم سرمامیں لوگ لکڑیاں جلانے پر مجبور ہوجاتے ہیں تاہم حالیہ برس موسم سرما کی شروعات میں ہی ان علاقوں میں گیس مکمل بند ہو چکی ہے۔ پیر کو سی این جی اسٹیشنز کھلتے ہی لوگوں کے گھروں میں گیس کی سپلائی بند ہو گئی اور مکینوں کو ایک بار پھر شدید مشکلات لاحق ہو گئیں۔

اہلیان علاقہ قاری عمران، غلام رسول، اکرم، ذوالفقار، عمران، نوید و دیگر نے بتایا کہ وہ گیس کی بندش کے باعث کافی عرصہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ محکمہ سوئی گیس کو اس بارے میں فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی جائے۔ مکینوں نے دھمکی دی کہ اگر رواں ہفتے میں مسئلے کا مثبت حل نہ نکالا گیا تو وہ آئندہ ہفتے غوث اعظم روڈ کو ٹریفک کے لیے مکمل بند کر دیں گے۔