غاصبوں اور ظالموں سے لڑنے کا درس ہمیں وراثت میں ملا ہے : مولانا صفدر گھمن قاسمی

گوجرانوالہ : جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا صفدر گھمن قاسمی نے کہا ہے کہ غاصبوں اور ظالموں سے لڑنے کا درس ہمیں وراثت میں ملا ہے، آقا دوجہاں صلی اللہ عیلہ وآلہ وسلم نے معرکوں میں سرداروں اور ظالموں کا غرور خاک میں ملا کر ہمیں ظلم کیخلاف ڈٹنے کا درس دیا تھا۔

ہمارے حکمران آج امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے سامنے گھٹنے ٹیکے ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم پستی کی طرف جا رہے ہیں، اللہ، رسول اور قرآن سے ناطہ جوڑنے میں کامیابی کا راز مضمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راہوالی میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مولانا صفدر گھمن قاسمی کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مسلمان ممالک میں ہونے والے مظالم کیوں نظر نہیں آتے؟ انہوں نے کہا کہ عوام ماہ رمضان میں کشمیر، فلسطین ودیگر ملکوں میں ظلم کے شکار مسلمان بھائیوں کو اپنی دعائوں میں یاد رکھیں۔