حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کا شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے عوامی مسائل کا معائنہ، عوامی شکایات کا بر وقت ازالہ کیا جائے

کراچی حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ یہ افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان کے واحد میٹرو پولیٹن شہر دنیا کا میگا پولیٹن میں شمار ہونے والے شہر، شہر قائد کے عوام آج بنیادی سہولیات سے محروم ہے، شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہے عوام بلدیاتی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے شدید اذیت کا شکار ہے ڈینگی کا مرض تیزی کے ساتھ شہر میں پھیل رہا ہے ہزاروں مریض اس مرض میں مبتلا ہوکر ھسپتالوں میں داخل ہیں۔

اور کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں انہوں نے کہاکہ شہر قائد کو اس کا اصل مقام دلا نے اور ڈینگی سمیت مہلک امراض کے خاتمے کے لئے اداروں کو جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہونگے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے عوام کو درپیش علاقائی مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے مختلف محکموں کو افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔مختلف علاقوں میں عوام سے ملاقات کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ صاف ستھرا اور سرسبز ماحول کے ذریعے ہی صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی و ستھرائی کے عمل کو بہتر بنا نے کے ساتھ مکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوام سے بھی اپیل کی کہ صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے شاہ فیصل کالونی کو مسائل سے پاک اور عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی یقینی بنا ئی جاسکے۔