حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کا دورہ شاہ فیصل کالونی، صحت مند ماحول کے قیام کے لئے بلدیاتی اداروں کو اقدامات جراثیم کش ادویات کے اسپرے کی ہدایت

کراچی حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے علاقائی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے یونین کونسل کی سطح پر شکایاتی مراکز کو فعال بنا ئیں، گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی و ستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری اور تجاوزات کے حوالے سے بڑھتی ہوئی عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے دورے پر کیا۔

اس موقع پر انہوں نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حق پرست عوامی نمائندے عوامی خدمت میں شب روز کوشاں ہیں عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں صفائی وستھرائی، روشنی کے انتظامات کی بہتری سمیت علاقائی ترقی عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے بلدیاتی اداروں کے افسران کے باہمی مشاورت اور تعاون کے ذریعے عوامی خدمات کی انجام دہی کو یقینی بنا یا جارہا ہے۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے علاقائی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات سننے کے بعد موقع پر موجود شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ صحت مند ماحول کے قیام کے لئے صفائی وستھرائی کے نظام کی بہتری کے ساتھ جراثیم کش ادویات کا اسپرے روزانہ کی بنیاد پر انجام دیا جائے۔

بعد ازاں حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں جاری۔صفائی و ستھرائی کے حوالے سے جاری خصوصی مہم کا معائنہ کیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ صفائی وستھرائی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرکے شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں میں صا ف ستھرا اور صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے۔