بکنگھم شائر (جیوڈیسک) برطانوی میڈیا میں ٹونی بلیئر کو اس حرکت پر خوب ہدف تنقید بنایا جا رہا ہے ، اور کہا گیا ہے کہ اسے فلسطین اسرائیل تنازع کو حل کرانے کے لئے وہاں ہونا چاہئے تھا۔
برطانیہ کے سابق وزیر اعظم اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سابق امریکی صدر جارج بش کے سب سے بڑے حلیف ٹونی بلیئر نے سب سے حیران کن کام یہ کیا ہے کہ اپنی بیوی کی سالگرہ اصل تاریخ سے دو ماہ پہلے ہی منا ڈالی ہے۔
یاد رہے کہ چیری کی تاریخ پیدائش 23 ستمبر ہے۔ اس غیر متوقع اور اچانک منائی جانے والی چیری بلیئر کی 60 ویں سالگرہ پران کے شوہر نے 50 ہزار پاونڈ خرچ کر ڈالے ، اور اس انتہائی پر تعیش دعوت پر وزراء ٹی وی سٹارز ، لکشمی میتل جیسے بزنس مین اوردیگر اہم شخصیات سمیت ڈیڑھ سو افراد کو مدعو کیا۔
پروگرام کو یادگار بنانے اور لوگوں کو محظوظ کرنے کے لئے بلیئر نے کامیڈین بابی ڈراوو کوبلایا جب کہ گلیمرس ڈانسر جوڑے کرسٹینا ریہانوف اور ایان ویٹ کو بھی بلا رکھا تھا۔ امن مندوب ہونے کی وجہ سے ٹونی بلیئر کو مشرق وسطیٰ میں ہونا چاہئے تھا جہاں پر فلسطینیوں کے لاشے گر رہے ہیں۔
اور اسرائیل کی جارحیت جاری ہے ، مگر وہ برطانیہ میں رنگ رلیاں منا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری امن کوششوں کے لئے خطے میں موجود ہیں مگر خطے کے اصل امن مندوب برطانیہ میں انجوائے کر رہے ہیں۔