اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ غزہ کا معاملہ تنازع نہیں بلکہ قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کا قتل عام ہے۔
وفاقی وزیر شیریں مزاری کی جانب سے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے نام پیغام میں کہا گیا ہے کہ غزہ کا معاملہ تنازعہ نہیں قابض افواج کی جانب سے قتل عام ہے۔
شیریں مزاری نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اسرائیلی ریاستی دہشتگردی سے فلسطینیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ذمہ داری پوری کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کا چیپٹر7 یاد رکھا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے غزہ اور دیگر فلسطینی علاقوں پر جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک بچوں اور خواتین سمیت 140 فلسطینی شہید اور 850 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔