لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مدثر احمد شاہ نے کہا ہے کہ غزہ کی تباہی پر عالمی برادری کا ضمیر مردہ ہو چکا ہے، عالمی برادری کی خاموشی ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔ دنیا بھر میں معصوم فلسطنیوں پر ہونے والے مظالم پہ آواز نہ بلند ہونا بہت سارے سوالات کو جنم دے رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ”یوم یکجہتی فلسطین ” کے حوالے سے پروگرامز اور انتظامات کے جائزے کے دوران مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ کراچی، اسلام آباد ، لاہور ، پشاور ، مظفر آباد، گلگت اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے تما م شہروں میں یوم یکجہتی فلطین منایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام آج 13جولائی کو ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا جارہا ہے جس کا مقصد غزہ کے مسلمانوں کے دکھ میں ان کا ساتھ دینا اور اقوام عالم کی توجہ غزہ کے مسلمانوں کی طرف مبذول کروانا ہے۔اس سلسلے میں ملک بھر میں ریلیاں ، سیمینارز ،تصویری نمائشوں سمیت دیگرپروگرام منعقد کئے جائیں گے۔