غزہ (جیوڈیسک) اسرائیلی فوج نے غزہ میں سفاکیت کی انتہا کر دی، تازہ حملوں میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد سمیت اٹھارہ فلسطینیوں کو شہید کر دیا، سترہ روز میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 715 ہو گئی۔
فلسطینی مسلمان ہونا جرم ہو گیا، اسرائیلی درندوں نے شجاعیہ خان یونس، رملہ، رفاہ، غزہ کے ہر کونے میں موت کا کھیل رچائے رکھا۔سترہ روز بعد بھی اسرائیلی درندگی نہیں تھمی۔ دو بچوں سے ان کی سانسیں چھین لیں، والدین کو بھی مار ڈالا۔اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی پر اتر آیا۔ ہر ساٹھ منٹ بعد ایک بچہ شہید ہو رہا ہے۔اب تک ایک سو ستر سے زائد ننھے پھولوں کو مسل دیا۔
اقوام متحدہ کے مطابق فلسطینی پناہ گزینوں کی تعداد ایک لاکھ ہو گئی ہے۔ مذاکرات کا راگ الاپتا انسانیت کا قاتل اسرائیل غزہ کی سرحد پر تباہ کن اسلحے کے ڈھیر لگا چکا ہے۔ امریکا نے اسرائیلی ائیرپورٹ پر اپنی پروازوں پر پابندی اٹھا لی ہے ادھر حماس نے جوابی کارروائی میں بتیس اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔