غزہ (جیوڈیسک) اسرائیل اپنی درندگی سے باز آنے کو تیار نہیں، 16 روز سے جاری اسرائیلی کی وحشیانہ کارروائیوں میں اب تک 620 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔دنیا بھر کے ممالک اور کئی عالمی تنظیمیں سیکڑوں معصوم جانیں لینے والے اسرائیل کو اس کے گھنائونے فعل سے نہ روک سکیں۔ زمین،، فضا اور سمند ر ہر سمت سے معصوم فلسطینیوں پر آگ برسا کر گھیرا تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
خان یونس، بیت حنون اور بیت لاحیا میں اسرائیلی فضائیہ نے میزائل برسائے تو کوئی دہشت گرد نہیں بلکہ افطار کے انتظار میں بیٹھے روزہ دار شہید ہوگئے۔ ایک ہی خاندا ن کے 9 افراد لقمہ اجل بنے۔اسرائیلی فوج انسانیت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بلاامتیاز کارروائیاں کر رہی ہے۔ مساجد، اسپتال، گھر، فلسطینیوں کا کچھ بھی محفوظ نہیں۔
غزہ سٹی میں واقع ایک عرب ٹی وی کے آفس پر اسرائیلی فوج کی جانب سے فائرنگ کے بعد وہاں موجود صحافیوں نے اسے خالی کر دیا۔ ایک روز قبل اسرائیلی وزیر خارجہ نے اسی عرب ٹی وی کو القاعدہ کا چینل قرار دیتے ہوئےاس پر الزام عائد کیا تھا کہ چینل حماس کی جانب سے اسرائیل کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے اور اسے اسرائیل سے برڈکاسٹ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ جرمنی کے دارالحکومت برلن میں سیکڑوں شہریوں نے معصوم فلسطینیوں کے نسل کُشی کے خلاف سخت احتجاج کیا۔