غزہ (جیوڈیسک) غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں اتوار کی شام تک شہید ہونے والوں کی تعداد 160 ہو گئی جبکہ اب تک زخمی ہونے والوں کی تعداد ہزاروں میں پہنچ چکی ہے،اس کے علاوہ ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے ہیں، تاہم اسرائیلی جارحیت رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔
ادھر فلسطینی صدر محمود عباس اقوام متحدہ سے غزہ کی صورتحال پر فلسطین کو عالمی تحفظ میں لینے کی اپیل کریں گے، فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر محمود عباس اقوام متحدہ سے فلسطین کو با ضابطہ طور پر عالمی تحفظ میں لینے اور فلسطین سے متعلق امور کا جائزہ لینے کیلیے فوری قانونی کمیٹی بنائے کے لیئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو خط لکھیں گے۔
جو اقوام متحدہ کے خصوصی مشیر برائے مشرق وسطی رابرٹ سیری کو پیش کیا جائے گا، صدر محمود عباس فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کے خلاف اقوام متحدہ کا انکوائری کمیشن بنانے کا بھی مطالبہ کریں گے۔