لاہور (سید امجد حسین بخاری) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہاہے کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے کردارپر ایک سوالیہ نشان ہے، خون مسلم پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے مگر عالمی برادری کی جانب سے اس پر کسی بھی قسم کی آواز بلند نہیں کی جارہی۔
اسرائیل نے ہمیشہ اپنا تسلط قائم رکھنے کے لئے معصوم اور نہتے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کا استعمال کیا ہے ۔ معصوم بچوں کو سرعام ذبح کیا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاکنڈ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے نکالی گئی غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ مسلم ممالک کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند نہ کرنا، مسلم حکمرانوں کے شرمناک رویے کی نشاندہی کر رہا ہے۔
اسرائیل کی پرتشدد کارروائیاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں ۔ پاکستانی نوجوان اور طلبہ مشکل کی اس گھڑی میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسرائیلی درندگی اور جارحیت ناقابل قبول ہے۔ عالمی برادری اور مسلم ممالک اسرائیل سے تعلقات ختم کریں اور اس پر سیاسی معاشی اور اقتصادی پابندیاں لگائیںاور اس سے فلسطین میں ہونے والے مظالم کا حساب لیا جائے۔ دریں اثنا اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کے لئے ملک بھر میں یکجہتی مارچ، ریلیز اور تصویری نمائشوں کا اہتمام کیا گیا۔ کراچی، اسلام آباد۔
مظفرآباد، پشاور، حیدرآباد، کوئٹہ سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میں ہونے والے ان مظاہروں میں طلبہ اور نوجوانوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کیا۔ مظاہروں میں اسرائیل کے پرچم نظر آتش کئے گئے۔ اسرائیل کے مظالم کے خلاف نعرہ بازی کی گئی اور اقوام متحدہ کے کردار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔