لاہور : پارلیمانی لیڈرو امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہاہے کہ غزہ میں اسرائیلی درندگی رکنے کا نام نہیں لے رہی۔خوفناک گولا باری سے ہر طرف لاشیں ہی لاشیں بکھر ی نظر آتی ہیں۔ مکانات ملبے کا ڈھیر ہوگئے ہیں۔اسرائیل مغربی طاقتوں کی شہ پر فلسطینی بچوں ، بوڑھوں اور جوانوں کو وحشیانہ اور انسانیت سوز قتل وغارت کا نشانہ بنارہا ہے۔فلسطین کی سرزمین پر اسرائیل مظالم کی نئی داستانیں رقم کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ8 جولائی سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک ایک ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعدادہزاروںمیںہے۔غزہ میں آہوپکاراور تباہی کے مناظر دیکھ کردل خون کے آنسو روتاہے۔ انہوں نے کہاکہ غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم سہتے کئی دن گزرچکے ہیں مگراو آئی سی اور تمام اسلامی دنیاکے حکمرانوںکی خاموشی افسوسناک ہے۔