اسرائیل (جیوڈیسک) اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ان کا ملک غزہ میں بڑے پیمانے پر عسکری مہم کے لیے تیار ہے تاہم، اس راستے کا انتخاب تمام دیگر ترجیحات کے غیر موثر ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
خبر کے مطابق ،نیتن یاہو 9 اپریل کے انتخابات سے قبل غزہ پر سیاسی دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں جبکہ انہیں انتخابات میں سابق فوجی سربراہ بینی گانٹز کی صورت میں انہیں سخت مقابلے کابھی سامنا ہوگا۔
غزہ کی سرحد پر عسکری قوتوں سے ملاقات کے بعد گفتگو کرنے والے اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جنگ ہمارا آخری حربہ ہوگا، تمام اسرائیلی شہریوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اگر جامع مہم کی ضرورت پڑی تو ہم دیگر تمام امکانات معدوم ہونے کے بعد اسے مضبوط اور پرتحفظ طریقے سے انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ پیر کے روز غزہ کی پٹی سے شمالی تل ابیب پر راکٹ سے حملہ کیا گیا تھا جس سے ایک گھر میں موجود 7 اسرائیلی زخمی ہوئے تھے۔
حملے کے جواب میں اسرائیل کی جانب سے بھی فلسطینی علاقوں میں فضائی حملے کیے گئے تھے۔