فیصل آباد (جیوڈیسک) جی سی یونیورسٹی کے طلبہ نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام یونیورسٹی گیٹ سے دھوبی گھاٹ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء نے فرانس اور امریکا کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم رانا علی رضا، ناظم یونیورسٹی حافظ حبیب اللہ، یاسر کھار، عمر گجر، عابد اعجاز اور دیگر طلبہ رہنماؤں نے کہا کہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے
مغربی ممالک کے حکمرانوں نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے حق میں جمع ہو کر مسلم حکمرانوں اور عوام کو پیغام دیا ہے کہ وہ بھی اپنی حکمت عملی طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف ترکی کے سربراہ سے سبق سیکھیں اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف خاموشی توڑ دیں، مغرب اپنے لوگوں کو تصادم کے لئے تیار کر رہا ہے عالم اسلام کو مغرب کی ناپاک جسارت کا منہ توڑ جواب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں او آئی سی کو بھی فعال کرنے کی ضرورت ہے۔