فلسطین (اصل میڈیا ڈیسک) خلیج تعاون کونسل نے قضیہ فلسطین سے متعلق کونسل کے رکن ممالک کے موقف پر غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش مسترد کر دی ہے۔
خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجرف نے ایک بیان میں کہا کہ قضیہ فلسطین کے حوالے سے کونسل کے رکن ممالک کے خلاف غلط فہمیاں پیدا کرتے ہوئے ان کے خلاف نفرت انگیز مہم ناقابل قبول ہے۔ فلسطین کی بعض تنظیموں کی طرف سے کونسل کے کچھ رکن ملکوں کے خلاف منظم انداز میں منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے اور ان کے قضیہ فلسطین کے حوالے سے دیرینہ، تاریخی اور اصولی موقف کو توڑ مروڑ کو پیش کرکے غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔
باین میں کہا گیا ہے کہ جی سی سی کا قضیہ فلسطین کے حوالے سے موقف اصولی اور فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کی حمایت پر مبنی ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
الحجرف نے فلسطینی قیادت بالخصوص صدر محمود عباس پر زور دیا ہے کہ وہ خلیج تعاون کونسل کے بعض رکن ممالک کے خلاف جاری کردہ اشتعال انگیز اور غلط بیانات پر معافی مانگیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی رہ نماوں کے بیانات کونسل اور فلسطینی قوم کے درمیان تاریخی تعلقات کی نفی کرتے ہیں۔